نئی دہلی 16اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ملک کے مختلف حصوں میں بارش، سیلاب اور تودہ گرنے کے واقعات میں ہلاک شدگان کی تعداد 250 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 50 دیگر لاپتہ ہیں۔ سیلاب کی صورت حال میں اب تیزی سے بہتری آرہی ہے۔ فوج مختلف ایجنسیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر راحت وبچاؤ مہم میں مصروف ہے۔بارش، سیلاب اور تودہ گرنے کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں کئی لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور زیادہ تر لوگوں کو راحت کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ فوج سمیت مختلف سلامتی اور بچاؤ ایجنسیاں راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ پانی کم ہونے سے ریلیف کیمپوں میں پناہ لینے والے لوگ اپنے اپنے گھروں کی جانب لوٹنے لگے ہیں۔ کیرالہ اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں سیلاب اور تودہ گرنے کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔کیرلہ میں اب تک 108، کرناٹک میں 54، گجرات میں 35، مہاراشٹر میں 30، اتراکھنڈ اور اڈیشہ میں آٹھ آٹھ اور ہماچل پردیش میں دو لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال میں زبردست بارش کے درمیان بجلی گرنے سے کم سے کم آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔کیرالہ اور کرناٹک میں زبردست بارش اور سیلاب کی وجہ سے تودہ گرنے کے واقعات کے بعد سے 49لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ کیرالہ میں 37 لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کااندیشہ ہے جبکہ کرناٹک میں 15 لوگ لاپتہ ہیں۔